لاہور: چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس عالیہ نیلم کی ہدایت پر اوورسیز پاکستانیوں کی جائیدادوں سے متعلق مقدمات کے لیے ای فائلنگ اینڈ پروسیجر رولز 2026 جاری کر دیے گئے ہیں۔
لاہور ہائیکورٹ کی جانب سے 15 ستمبر 2026 کو جاری کیے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق نئے قواعد کے تحت الیکٹرانک فائلنگ، ڈیجیٹل عدالتی ریکارڈ اور آن لائن عدالتی کارروائی کو باقاعدہ عدالتی طریقہ کار کا حصہ بنایا گیا ہے۔
آن لائن عدالتی سہولیات متعارف
اوورسیز پاکستانی اپنے مقدمات سے متعلق درخواستیں اور ضروری دستاویزات الیکٹرانک طریقے سے جمع کرا سکیں گے۔ الیکٹرانک نوٹسز، ویڈیو لنک کے ذریعے عدالتی کارروائی میں شرکت اور فیصلوں سمیت عدالتی ریکارڈ تک ڈیجیٹل رسائی کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے۔
پاکستان آئے بغیر مقدمات کی پیروی
نئے قواعد کا مقصد بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے جائیداد سے متعلق مقدمات کی پیروی کے عمل کو آسان اور جدید بنانا ہے تاکہ ہر مرحلے پر پاکستان آنے کی ضرورت کم سے کم ہو۔





